لاڑکانہ ،بیگم نصرت بھٹولائبریری بنیادی سہولیات سے محروم

239

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے باغ جناح میں بیگم نصرت بھٹو کے نام سے منصوب گرلز لائبریری میں سہولیات کے فقدان کے خلاف طالبات نے مرکزی گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر قرت العین، شہلا، سورٹھ اور دیگر طالبات کا کہنا تھا کہ لائبریری پر بھٹو خاندان کے نام سے منصوب کردی گئی ہے تاہم لائبریری میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شدید گرمی میں نہ ایئرکنڈیشنڈ نہیں چل رہے ہیں اور ٹھنڈے پانی کی سہولت تک موجود نہیں ہے جس کے باعث ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طالبات نے بلاول زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سمیت اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ بیگم نصرت بھٹو لائبریری میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ہم اپنے امتحانات کی تیاری کرسکیں۔ دوسری جانب قائم مقام میئر میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی نواز لْہر نے طالبات کے احتجاج کا نوٹس لے کر لائبریری پہنچ گئے جہاں انہوں نے طالبات کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ہمیں بجٹ پاس کرانے کے بعد سرکاری کام کرانے کو کہا ہے جوں ہی چند دن میں بجٹ پاس ہوگا تب آپ کے مسائل مکمل طور پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو واٹر کولر اور سولر سسٹم بھی جلد فراہم کیے جائیں گے۔