چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی وفاق کو کمزور کرنے کی سازش ہے، صالح بھوتانی

265

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان کے ساتھ ماضی کا رویہ اپنانے سے صوبے کے عوام کے وفاق پر عدم اعتماد میں اضافہ ہوگا، چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی وفاق کو کمزور کرنے کی سازش ہے سیاسی جماعتیں جذباتی ہونے کے بجائے ملک اور بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کریں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کے ہمراہ بلوچستان ہاس اسلام آباد میں سردار صالح بھوتانی سے ملاقات کی اور انہیں اسلام آباد کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا، سردار صالح بھوتانی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں اور اس حوالے سے کی جانے والی کسی بھی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا، بلوچستان نے ماضی میں بہت کچھ سہا ہے اور اپنے سینے پر بہت سے زخم برداشت کیے اب جب بلوچستان کو وفاق میں اسکی جائز نمائندگی ملنے کے حوالے سے ایک پیش رفت ہوئی تو تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ بلوچستان کے ساتھ کھڑی ہوں۔ چیئرمین سینیٹ وفاق کی علامت ہیں انکی ایسے حالات جب ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے میں غیر فطری تبدیلی سے نہ صرف وفاق کو نقصان پہنچے گا بلکہ اسکا منفی پیغام ملک اور بلخصوص بلوچستان میں جائیگا جس سے دوریوں میں مزید اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ مالی سال 2019-20 کے بجٹ میں بلوچستان کے لیے وفاق کی جانب سے پی ایس ڈی پی میں رکھے گئے منصوبے قابل ستائش ہیں ان منصوبوں سے بلوچستان میں ترقی کی نئی لہر آئے گی۔