صوبائی وزیرمحنت غلام مرتضیٰ بلوچ کا لانڈھی سوشل سیکورٹی اسپتال کادورہ

57

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے لانڈھی سوشل سیکورٹی اسپتال کادورہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ذوالفقار علی اوررکن ڈسٹرکٹ کونسل منظور حسین بھی ان کے ساتھ تھے، سی سی کے زیرِ انتظام چلنے والے اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں ورکرز اور ان کے خاندانوں کو علاج کی سہولیات فراہم کررہے ہیں، کوشش ہے کہ سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے۔

ملک بھر میںجاری گڈزٹرانسپورٹرز
کی ہڑتال تیسرے روز میںداخل
کراچی(اسٹا ف رپورٹر)کراچی سمیت ملک بھر میں گڈز ٹرانسپوٹرز کی ہڑتال تیسرے روز پیرکوبھی جاری رہی، صدر یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپوٹ اونررانا اسلم کے مطابق ہر قسم کی ترسیلات کی بکنگ تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہے اور کسی بھی مال بردار گاڑی پر لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل بھی تاحکم ثانی معطل رہے گا۔رانااسلم کاکہنا ہے کہ ایکسل لوڈ رجیم کی مکمل بحالی اورجب تک قانون پر عمل درآمد نہیں ہوتاہڑتال جاری رہے گی۔

نارتھ ناظم آباد:ڈاکوؤں نے لوٹ مار
کے دوران شہری پرگولی داغ دی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران ایک شخص کو گولی مار دی۔ تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے بورڈ آفس عبداللہ کالج عزیز میڈیکل کے سامنے موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 42 سالہ بخت محمد ولد نور محمد کو زخمی کرکے فرار ہوگئے۔زخمی کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیاجہاںاس کاعلاج جاری ہے۔

پاکستانی سیاست کوبھی تھیلے سیمیاجیسا
مہلک مرض لگ چکاہے، فاروق ستار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر فاروق ستار نے ہیلپ انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی سیاست کو بھی تھیلے سیمیا جیسا مہلک مرض لگ چکا ہے جس کا تدارک ضروری ہے۔اس موقع پرتھیلے سیمیا کے مریض بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے ہیلپ انٹرنیشنل کے چیئرمین رئوف تابانی،گلوکارمحمدعلی شہکی، کامیڈین کاشف خان ودیگرنے بھی خطاب کیا۔

فنکشنل لیگ نے بلدیاتی انتخابات میں
حصہ لینے کے لیے تنظیم سازی تیز کردی
کراچی( اسٹاف رپورٹر )پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے فنکشنل لیگ ہاؤس میں نئے منتخب عہدے دارون سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے لیے تنظیم سازی کا عمل تیز کردیا ہے سندھ کے تین اضلاع مٹیاری دادو اور جامشورو کی تنظیم سازی مکمل کی گئی اور مزید اضلاع کی تنظیم سازی جلد مکمل کی جائے گی۔

مزدوروںکومعاشی ریلیف نہ ملاتواحتجاج کاسلسلہ شروع کریں گے،ثروت اعجاز
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ معاشی بحران حکومتی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے،غریبوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑینگے، غریبوں، کسانوں،مزدوروں کو معاشی طور پر ریلیف نہیں دیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ شروع کردینگے،روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاکو ٹیکس سے پاک کرکے غریبوں کے بجلی،گیس،پانی کے بلوں میں اضافی ٹیکس فوری ختم کیا جائے۔

نئی نسل کوفنی علوم سے آراستہ کرکے اپنے
پاؤں پرکھڑاکیاجاسکتاہے، انیس قائم خانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر عثمان و مرکزی ذمے داران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے جس کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں، جنہیں معیاری تعلیم، اسکل ڈیولپمنٹ اور دیگر فنی علوم سے آراستہ کرکے اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔