الیکشن کمیشن ارکان کا تقرر اتفاق رائے سے کریں گے ‘شیریں مزاری

110

اسلام آباد( آئی این پی ) الیکشن کمیشن کے ارکان کے تقرر کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی کی چیئرپرسن شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، اتفاق رائے سے الیکشن کمیشن کے ارکان کا تقرر کریں گے ۔ منگل کو الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کیلیے قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی صدارت میں ہوا ، اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کی چیئرپرسن شیریں مزاری نے کہا کہ اگلی پیر تک باہمی اتفاق رائے سے ناموں کا فیصلہ کر لیں گے،ہم الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ بہترین امیدوار آئیں اورہم اتفاق رائے سے الیکشن کمیشن کے ارکان کا تقرر کریں گے ، مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر مشاہداللہ خان نے کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم کمیٹی ہے، حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ ملکی مفاد کو مدنظر رکھا جائے،زیادہ بہتر ہوگا کہ الیکشن کمیشن ممبران کی تقرر اتفاق رائے سے ہو،ایسے ممبران کی تقرری چاہتے ہیں جن پر عوام کا اعتماد ہو،عوام کا اعتماد ہوگا تو ممبران قومی جذبہ سے ملک کی خدمت کریں گے ، انہوں نے کہا کہ آج اجلاس کی کارروائی مثبت انداز میں سرانجام پائی،امید ہے تمام اراکین اتفاق رائے پیدا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔