تن کے کپڑے بیچنے پڑے پھر بھی انصاف کی جنگ لڑیں گے ‘طاہرالقادری

108

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہدائے ماڈل ٹائون کی 5ویں برسی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ قرآن خوانی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حصول انصاف کے لیے5 سال پہلے جہاں کھڑے تھے وہیں آج کھڑے ہیں،عدالت عظمیٰ میں کیس لڑ کر نئی جے آئی ٹی بنوائی، جے آئی ٹی کو تمام ذمے داروں کے فون کالز کا ڈیٹا اوراہم شواہد مہیا کیے جن کی بنیاد پر جے آئی ٹی نے نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر ذمے داروں کے بیانات قلمبند کیے، کوئی بھی فون کالز ڈیٹا سے انحراف نہیںکر سکتا، جب جے آئی ٹی نے اپنا کام مکمل کر لیا تو ایک ملزم پولیس افسر کی درخواست پر جے آئی ٹی کو کام کرنے سے روک دیا گیا، اس ملزم پولیس افسر کا موقف تھا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل سے میری حق تلفی ہوئی یعنی اس نظام میں قاتلوں کے حقوق ہیں مگر مقتولین کے لیے اس نظام میں تڑپنا اور انصاف مانگتے مانگتے مر جانا ہی مقدر ہے۔