چیمپئنز ٹرافی کے بعد پاکستان کیلیے نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا تھا، عمر اکمل

93

لاہور (جسارت نیوز) ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2017ء کے بعد پاکستان کی جانب سے نہ کھیلنے کا سوچ لیا تھا۔ایک انٹر ویو کے دوران عمر اکمل کا کہنا ہے کہ جب 2017ء آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بناء کھلائے کوچ مکی آرتھر نے برمنگھم سے وطن بھیجنے کا فیصلہ سنایا تھا تو بہت دلبرداشتہ تھا،یہ سب ان کے لیے انتہائی افسوس ناک تھا اور گھر پہنچنے کے بعد وہ اتنے افسردہ تھے کہ انہوں نے سوچ لیا تھا کہ اب کبھی پاکستان کی نمائندگی نہیں کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ میرے اس فیصلے پر اہلیہ خاصی برہم ہوئیں اور انہوں نے مجھے سمجھایا کہ ایسا ہرگز نہیں کرنا ہے، بیگم کی مشکل وقت میں حوصلہ افزائی نے ایک نئی توانائی دی اور اپنا فیصلہ تبدیل کیا، اس حوالے سے اپنے بھائی کامران اکمل کو بھی نہیں بتایا تھا۔121 ایک روزہ میچوں میں 34.34 کی اوسط سے 3194 رنز 2 سنچریوں اور20نصف سنچریوں کی مدد سے بنانے والے 29سالہ عمر اکمل کی تقریبا 26 ماہ بعد قومی ون ڈے ٹیم میں واپسی اس سال مارچ میں آسڑیلیا کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں ہوئی تھی جہاں عمر اکمل نے 30.00کی اوسط سے 150رنز اسکور کئے تھے تاہم انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔