یوم علی ؓاور عید الفطر پر فول پروف اقدامات کی ہدایت

66
ایم اے جناح روڈ پر یوم حضرت علیؓ کے جلوس کے حوالے سے کنٹینر رکھے جا رہے ہیں
ایم اے جناح روڈ پر یوم حضرت علیؓ کے جلوس کے حوالے سے کنٹینر رکھے جا رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطح کے وڈیو لنک اجلاس میں یوم علیؓ،شب قدر/طاق راتوں اورعیدالفطر کے موقع پر صوبائی سطح پراختیار کردہ سیکورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل کاخصوصی حوالہ جات پرمشتمل تفصیلی جائزہ لیا گیا اورمزیدضروری ہدایات دی گئیں۔اجلاس میں تمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز اوراے آئی جیز نے شرکت کی۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ یوم علیؓ کے موقع پر فول پروف سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اوراس دن کی مناسبت سے منعقدہ مجالس،برآمد ہونے والے جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے تمام ڈی آئی جیز وایس ایس پیز اپنی نگرانی میں ہرممکن اقدامات پر عمل درآمد کویقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایس پیز، ایس پیز،ڈی ایس پیز متعلقہ علاقوں میں بذاتِ خودنکلیں اوردوگھنٹوں کی بنیاد پررینڈم اسنیپ چیکنگ کے عمل کو ممکن بنائیں جبکہ سیکورٹی پرتعینات پولیس افسران اورجوانوں کو بریفنگ کے عمل کوبھی یقینی بنائیں مزیدبرآں مجالس اورجلوسوں کی سیکورٹی کے حوالے سے اضافی نفری سمیت تھانہ جات کی نفری سے بھی تمام تراقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ طاق راتوںکے موقع پرتمام مساجد، امام بارگاہوں،نمازتراویح کے دیگرکھلے مقامات پر تھانہ جات کے لحاظ سے تمام ایس ایچ اوز مجموعی سیکورٹی اقدامات کی ناصرف بذاتِ خود نگرانی کریںگے بلکہ متعلقہ وائرلیس بیس پرباقاعدہ انٹریز بھی نوٹ کرائیں گے۔انہوں نے ڈی آئی جیزاور ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایات دیں شب قدر/طاق راتوں کے دوران مرکزی مساجد،امام بارگاہوں،نمازتراویح کے دیگرکھلے مقامات کا بذاتِ خودوزٹ کریں اور پولیس ڈپلائمنٹ کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ نمازیوں سے بھی ملاقات کریں تاکہ شہریوں میں احساس تحفظ کے شعور کو مزید تقویت دی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ عید کی آمد آمد ہے اور اس دن کی مناسبت سے بازروں شاپنگ سینٹر اوردیگر مارکیٹوں میں عوام کی کثیرتعداد کی آمد کے پیش نظر تمام تر حفاظتی اقدامات کو انتہائی مربوط اورمؤثر بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر تمام مساجد،امام بارگاہوں،عیدگاہوں،نماز عید کے دیگر کھلے مقامات پر سیکورٹی کے جملہ امور کو کنٹی جینسی پلان کے مطابق یقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ عیدتعطیلات کے دوران صوبے اورشہروں کے تمام داخلی وخارجی راستوں پرناکہ بندی نگرانی اورسرچنگ کے عمل کے ساتھ ساتھ ہائی ویز پرپیٹرولنگ اسنیپ چیکنگ اورمشتبہ مشکوک گاڑیوں کی کڑی نگرانی کے عمل کو مزید سخت کیا جائے تاکہ محفوظ سفرکی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔