پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی مکمل حمایت کرتا ہے، اسد قیصر

28

اسلام آباد(اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک سرگرم رکن ملک ہے اوراس کے چارٹر کی مکمل حمایت کرتا ہے، اقوام متحدہ اقوامِ عالم کا نمائندہ ادارہ ہے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے اس کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ژو لیانگ ہائو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستان میں یو این ڈی پی کے نمائندے آرتازہ اگناسیو بھی موجود تھے۔ملاقات میں اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ا سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دنیا میں امن کے قیام کے لیے تنازعات کا حل ضروری ہے،پاکستان کی موجودہ حکومت ملک سے دہشت گردی، ناخواندگی، بے روزگاری، غربت کے خاتمے اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے کوشاں ہے،پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے،زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی ادارے پاکستان میں زراعت کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے اور اس کی پارلیمان میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایس ڈی جیزکے حصول کے لیے خصوصی ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے جس میں قومی اسمبلی،سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان شامل ہیں، پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں یو این ڈی پی سمیت اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔