قرآن کے مطالعے سے زندگی کو حقیقی رہنمائی فراہم کی جاسکتی ہے

77

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ملک کی مسلم خواتین کو قرآن کریم سے جوڑے رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی صوبہ سندھ کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری شاہدہ اعجاز نے حلقہ بسم اللہ باغ میں پہلے رمضان المبارک سے جاری منعقدہ دورہ قرآن کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن کلام الٰہیہر دور اور تا قیامت زندہ و جاوید، حکمت و دانائی اور شعور نظریہ حیات ہے، یہ وہ آفاقی کتاب ہے جس سے انسانی زندگی کے تمام شعبہ جات زندگی کو حقیقی رہنمائی فراہم ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی قرآن کی بدولت ہم اور آپ امت وسط ہیں جو دنیا کو خیر و بھلائی پہنچانے اور برائی سے روکنے پر مامور ہے۔ بس ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کلام کو سمجھ کر پڑھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے وجود سے لیکر آج تک اپنے بانی مولانا ابوالاعلیٰ مودودیؒ کے دیے ہوئے درس پر کاربند ہے کہ قرآن کی دعوت لے کر اٹھو اور دنیا پر چھا جاؤ۔ یہ وہ درس ہے جس کو لیکر پورے ملک میں جماعت اسلامی ہر سال رمضان المبارک میں دورہ قرآن کا اہتمام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان قرآن کا مہینہ ہے اور یہ ہم سب کی ذمے داری ہے کہ اس بابرکت پاکیزہ ماحول میں قرآن کے اسلوب اور مقصد کو سمجھنے کی کوشش کریں تاکہ بھٹکی ہوئی انسانیت کو راحت، نصیب ہو۔اس محفل کے آخر میں ناظمہ حلقہ بسم اللہ باغ بنت محمد حنیف کھوسہ نے موجود خواتین میں رمضان المبارک اور جماعت کا لٹریچر تقسیم کیا۔