سرجانی ٹاؤن میں سرکاری زمینوں کی لوٹ مار جاری

47

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عدالتی احکامات اور اداروں کی جانب سے بھرپور کارروائی کے باوجود سرجانی ٹاؤن میں سرکاری زمینوں کی لوٹ مار کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔ایک منظم لینڈ مافیا گروپ نے کے ڈی اے کے بعض افسران کی ملی بھگت سے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 9بھینس کالونی سے متصل کمرشل پٹی پر قبضہ کرکے چائنا کٹنگ کے ذریعے درجنوں پلاٹ کاٹ دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق علاقہ مکینوں نے جب لینڈ مافیا کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کی تو انہیں ڈرایا دھمکایا جارہاہے اور ان سے کہا جارہا ہے کہ وہ اپنے مکانات و پلاٹ کی خیر منائیں، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قبضہ مافیا اتنا طاقتور ہے کہ کے ڈی اے کے افسران کی ملی بھگت سے کھلے عام دو نمبر چالان بنا کر چائناکٹنگ کے پلاٹ فروخت کر رہا ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں مافیا کو ویسٹ پولیس سمیت بعض بااثر شخصیات کی سرپرستی حاصل ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کونسل کے رکن و ضلع وسطی کے رہنما سہیل سمیع دہلوی نے صورتحال سے پی پی سندھ کے رہنماؤں کو تحریری طورپر آگاہ بھی کیا تھا اور وزیر بلدیات سعید غنی نے ان اطلاعات پر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی لیکن کے ڈی اے کے افسران اورلینڈ مافیا نے وزیر بلدیات کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دیے ہیں۔