عدالتی نمبرپلیٹ اور قومی پرچم لگاکرگاڑی چلانے والا گرفتار

40

کراچی (اسٹاف رپورٹر)) اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگا کر کلفٹن میں گاڑی چلانے والا نوجوان گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے میں پولیس کو بے وقوف بنانا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا، پولیس نے اسے گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا لگانے پر پکڑ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر جعلی نیم پلیٹ اور جھنڈے چند روپوں میں بکنے لگے ہیں۔پولیس نے عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب کالے شیشوں والی کار کو روکنے کا اشارہ کیا تو کار چلانے والے نوجوان نے شیشہ اتار کر پولیس کو غصہ دکھایا اور گاڑی دوڑا دی۔تاہم بن قاسم پارک کے قریب پولیس نے گاڑی کو روک لیا، گاڑی پر اہم عدالتی نمبر پلیٹ اور پاکستانی جھنڈا بھی لگا ہوا تھا۔نوجوان نے پکڑے جانے پر کہا کہ نہ میں وکیل ہوں نہ میرا تعلق عدالت سے ہے، جعلی نیم پلیٹ اس لیے لگائی کہ اس نیم پلیٹ کو دیکھ کر پولیس نہیں روکتی۔نوجوان کا کہنا تھا کہ اس نے پلازا سے 1200 روپے میں یہ نیم پلیٹ خریدی۔