مشیر خزانہ کی اماراتی سفیر سے ملاقات ، عمران خان کے وژن سے آگاہ کیا

41

اسلام آباد(اے پی پی) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ،محصولات واقتصادی امورڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کوقدرکی نگاہ سے دیکھتاہے اوراسے اہمیت دیتا ہے،یواے ای نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کی اورتعاون فراہم کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبیدابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی
اورتجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پراتفاق کیا گیا۔مشیر خزانہ نے کہاکہ دونوں ممالک کواپنے تعلقات کی حقیقی استعدادکا ادراک کرتے ہوئے پاکستان میں نجی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے ۔انہوںنے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو وزیراعظم عمران خان کے وژن سے آگاہ کیا اوربتایا کہ وزیراعظم ملک کی ترقی کے لیے مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں، اسی مقصد کے حصول کے لیے عالمی برادری کے ساتھ بہتر اوراچھے تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔ مشیرخزانہ نے ابوظہبی فنڈ برائے ترقی کے تحت پاکستان کے ساتھ مالی تعاون پریواے ای کی حکومت کا شکریہ اداکیا۔ حماد عبیدابراہیم سلیم الزابی نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کے لیے پاکستان اوریواے ای کواپنے تعلقات کو بہتر بنانا ہوگا،اامید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کے نتیجے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دروازے کھلیں گے،متحدہ عرب امارات میں کئی کمپنیاں گوادر میں سرمایہ کاری کی خواہش مند ہے اوراس مقصد کے لیے ان کمپنیوں کے نمائندوں نے حال ہی میں پاکستان کادورہ بھی کیا۔ انہوںنے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونے کے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔