معراج الہدیٰ ومحمد حسین محنتی کی عارف علوی سے ملاقات

203

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور نائب امیر محمد حسین محنتی نے سندھ کے گورنر ہاؤس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی ۔ وفد نے ڈاکٹرعارف علوی کو صدر مملکت منتخب ہونے پر جماعت اسلامی کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔صوبائی امیرڈاکٹرمعراج الہدیٰ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات کے بعد اپنی پہلی تقریرمیں مدینہ جیسی ریاست بنانے کے عزم کا اظہار کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں اور اب مدینے جیسی ریاست کے لیے
پاکستان کو ربا فری بنانا ضروری ہے۔ پاکستان کی معاشی مشکلات بھی سود کے خاتمے سے حل ہو سکیں گی اور معاشی اعتماد بھی جنم لے گا۔ جماعت اسلامی نے فیڈرل شریعت کورٹ میں سود کے خاتمے کے لیے پٹیشن کی ہوئی ہے اور سود کے خاتمے کے اعلان کے لیے پاکستان کے عوام منتظر ہیں۔ جماعت اسلامی کے وفد نے کلین اور گرین پاکستان مہم کی بھی تحسین کی اور پورے ملک میں خصوصاً سندھ میں درخت لگانے کی بڑی ضرورت ہے، اس لیے کہ ماحولیاتی آلودگی میں بڑی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت اس جانب متوجہ ہے اور اس پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کراچی کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے بھی وفاق کی طرف سے زیادہ توجہ دینے کا وعدہ کیا۔ صدر مملکت نے جماعت اسلامی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور خواتین کو وراثت کے حق کے لیے عوامی شعور بیدار کرنے پر متوجہ کیا۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے انہیں بتایا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی واحد پارٹی ہے جو وراثت میں بہنوں کا حصہ نہ دینے والوں کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیتی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.