خلاف ضابطہ تقرر اور تبادلوں کیخلاف 4 رکنی کمیٹی نے کام شروع کردیا

46

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ آف پاکستان کے آؤٹ آف ٹرن پروموشن، ڈیپوٹیشن اور نان کیڈر ختم کرنے کے احکامات پر عملدر آمد کرنے کے لیے بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد میں تشکیل دی گئی 4 رکنی اسکروٹنی کمیٹی نے کام شروع کردیا، مرحلہ وار ملازمین سروس فائلز کی چھان بین کے دوران ڈپٹی میئر، یونین کونسل چیئرمیز کمیٹی پر اثر انداز ہونے کے لیے اسکروٹنی کے دوران موجود رہے۔ عدالت عظمیٰ کے آؤٹ آف ٹرن پروموشن، ڈیپوٹیشن اور نان کیڈر منسوخ کرنے کے احکامات پر عملدر آمد کے لیے سیکرٹری بلدیات سندھ نے میئر میونسپل کارپوریشن حیدرآباد اور میونسپل کمشنر کو ایک ہفتے کا وقت مقرر کرتے ہوئے اسکروٹنی پروفامر جاری کیا تھا، جس کے بعد چیئرمین میونسپل کمشنر نصر اللہ عباسی، ایس سی یو جی ملازمین ذوالفقار حیدر، جاوید الرحمن کلور اور خالد عثمان پر مشتمل 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور تمام شعبہ جات کے ملازمین کی سروس فائل کی اسکرونٹی کے لیے مرحلہ وار شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ اسکروٹنی کمیٹی کا پہلا اجلاس بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد میں چیئرمین نصراللہ عباسی کی زیر صدارت منعقد کیا گیا، جس میں ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے ملازمین کی اسکروٹنی کی گئی، مگر اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں اثرانداز ہونے کے لیے غیرقانونی طور پر ڈپٹی میئر سہیل مشہدی، یونین کونسل کے چیئرمین عمران بشیر اور جاوید جبار بھی موجود رہے اور ہر ملازم کی سروس فائل کی جانچ پڑتال کے دوران مسلسل مداخلت کرتے رہے۔ ڈپٹی میئر سہیل مشہدی عرصہ دراز کی خاموشی توڑ کر بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد میں غیرقانونی طور پر بھرتیاں، ترقیاں حاصل کرنے اورسنگین لوٹ مار میں ملوث ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے افراد کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں، جبکہ میئر سید طیب حسین نے بھی اعلیٰ عدلیہ کے کسی بھی فیصلے پر عملدر آمد نہ کرنے کا رویہ اپنا رکھا ہے اور اب بعض چیئرمینز کو بھی ساتھ ملاکر کسی بھی عوامی احتجاج سے بچنے کے لیے لوٹ مار میں حصے دار بنالیا ہے۔ واضح رہے کہ سیکرٹری بلدیات کے احکامات کی روشنی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کا کوئی بھی رکن میرٹ پر پورا نہیں اترتا، تمام افسران پر بدعنوانیوں، لوٹ مار، غیرقانونی ترقیاں حاصل کرنے سمیت سنگین نوعیت کے الزامات ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.