منشیات کے 30 بڑے اڈوں کی فہرست جاری،کریک ڈاؤن کی تیاری

50

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر )ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ رہزنی کی وارداتوں کی بڑی وجہ منشیات فروشی اور منشیات کے عادی افراد ہیں، کراچی میں منشیات کے 30 بڑے اڈوں کی فہرست جاری کرکے کریک ڈاؤن کی تیاری کرلی گئی ہے ۔ اس ضمن میں ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے تینوں زون کے ڈی آئی جیز کو اپنے علاقوں میں منشیات کے اڈے فوری بند کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں ۔جرائم پیشہ ملزمان اور منشیات فروشوں کے درمیان گہراگٹھ جوڑ ہے،ہر جرم کے پیچھے منشیات کی کارفرمائی پائی گئی ہے۔ کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات بھی منشیات استعمال کر رہے ہیں، منشیات معاشرے اور خاص طور پر نوجوان نسل کو تباہ کر رہی ہے، محمودآباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں منشیات کا بڑا اڈا سرفہرست، فہرست میں شیریں جناح کالونی دوسرے نمبر پر ہے۔سول لائنز میں ہجرت کالونی، کلاکوٹ لیاری میں بہار کالونی اور ابراہیم حیدری کے ریڑھی گوٹھ میں منشیات کے اڈے موجود ہیں ،ناظم آباد میں سیف اللہ کا اڈہ، شاہراہ نور جہاں میں کوئلہ کڑاہی ڈی سلوا ٹاؤن کا اڈا لسٹ میں شامل ہیں، جبکہ جمشید کوارٹر میں لسبیلہ، لانڈھی میں مسلم آباد، ملیر سٹی منا بروہی اور قائدآباد میں منشیات کے اڈے چل رہے ہیں ،سچل کے علاقے میں موسمیات کے قریب بلاول گوٹھ اور پاک کالونی میں بھی منشیات بکتی ہیں۔ اڈوں کی فہرست کے مطابق منگھوپیر کے علاقے پختون آباد، عزیز بھٹی کے علاقے شانتی نگر اور ڈالمیا میں کالونی کرنٹ کا منشیات کا اڈا،پی آئی بی کالونی میں عیسیٰ نگری اور سبزی منڈی کے قریب مینا کا منشیات کا اڈا، کورنگی زمان ٹاؤن میں منشیات فروشی،فریئر اور ڈیفنس تھانوں کی حدود کالاپل ریلوے کالونی میں منشیات کا دھندا چل رہا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بلوچ کالونی کے علاقے میں جونیجو ٹاؤن اور اعظم بستی جبکہ ملیرکینٹ میں زکریا گوٹھ منشیات کے گڑھ تصور کیے جار ہے ہیں ،گلشن معمار اور سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے دوست محمد جنجال گوٹھ میں بھی منشیات فروشی کا انکشاف ہواہے،ڈاکس کی حدود مچھرکالونی، پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی ،مدینہ کالونی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں منشیات فروشوں کا راج ہے جبکہ شرافی گوٹھ خلدآباد، ملیر کے علاقے سعود آباد، مومن آباد، الآصف اسکوائر اور سہراب گوٹھ کے علاقے لاسی گوٹھ منشیات فروشوں کے گڑھ بن چکے ہیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ڈی آئی جیز کو خط میں ہدایت جاری کی ہیں کہ تمام اڈے فوری طور پر بند کرا کر پولیس کو بدنامی سے بچائیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ