ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ملکی معیشت کیلیے نقصان دہ ہے

30

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ کے رہنما و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان مسلم لیگ پنجاب ناصر رمضان گجرنے روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی قیمت میں ایک ہی دن میں9.50روپے اضافہ سے ڈالر 138 روپے تک پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ملکی معیشت کیلیے نقصان دہ ہے جو ہوشربامہنگائی کا باعث بنے گا۔ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلیے حکومت کو سخت فیصلے کرنا ہوں گے جن میں روس ،چین اور یورپی یونین کی طرح 2023ء تک ڈالر میں لین دین ختم کرنے کے اعلان کی طرح پاکستان کو بھی اسی قسم کا فیصلہ کرنا ہوگا ۔دیگر ممالک کی طرح ڈالر کو انٹرنیشنل کرنسی ماننے سے انکار پر ڈالر کی قیمت میں کمی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ۔ ناصر رمضان گجر نے کہا کہ ڈالر کی قیمت کو روکنے کیلیے اسٹیٹ بینک فوری اقدامات کرے کیونکہ ڈالر بڑھنے سے بیرونی قرضوں میں902ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی قرضوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جس سے ملکی معیشت دباؤ کا شکار ہورہی ہے۔ڈالر بڑھنے سے پٹرولیم مصنوعات سمیت ہر چیز مہنگی ہوگی اور اس کا اثر عوام پر پڑے گا جس کی روک تھام کیلیے حکومت فوری اقدامات اٹھائے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ