الخدمت کے آغوش ادارے ملک اور معاشرے کی ضرورت ہیں،مقررین

46

اٹک (وقائع نگار خصوصی) آغوش الخدمت جیسے ادارے ملک اور معاشرے کی ضرورت ہیں، الخدمت ٖفاؤنڈیشن جماعت اسلامی پاکستان کا فلاحی ادارہ ہے جو ضرورت مند افراد کی ضروریات کو بلا تخصیص پوری کرتا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں سات اہم شعبہ جات کے تحت عوامی خدمات سر انجام دے رہی ہے، ان میں آغوش الخدمت، فلٹریشن پلانٹ، ووکیشنل سینٹرز، آرفن کیئر پروگرام، ہیلتھ سینٹرز، ایمبولینسز سروس اور مواخات پروگرام کے تحت کروڑوں بلکہ اربوں روپے خرچ کررہے ہیں، اس سے وابستہ افراد اپنے کاروبار اور بزنس کی طرح الخدمت کے کام اللہ کی خوشنودی کی خاطر سر انجام دیتے ہیں۔ وطن عزیز پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، بس قیادت کی کمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن کے نئے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ قبل ازیں نوبل پلازا کامرہ روڈ اٹک میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع اٹک کے دفتر کا افتتاح صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب راؤ محمد ظفر نے کیا۔ ان کے ہمراہ نائب صدر پنجاب اکرام الحق سبحانی، امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک و چیئرمین یونین کونسل شینکہ مولانا جابر علی خان ، سیکرٹری جنرل میاں محمد جنید سابق امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 1 اقبال ملک، صدر الخدمت فاؤنڈیشن اٹک ڈاکٹر نور حسین ملک، سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی، سابق سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبادت ملک، سابق ای ڈی او ایجوکیشن مرزا بشیر احمد، بشیر احمد چغتائی، خالد محمود، جنرل کونسلر شہاب رفیق ملک، خالد شعیب اور انجینئر محمد قاسم بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن عوام بالخصوص یتامیٰ کی سرپرستی اور ضرورت مند افراد کی خدمت کو اپنا فخر اور مان سمجھتی ہے، ہم اس ملک میں ایسا معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں، جس میں بھکاری نہ ہوں یتیم کے سر پر دست شفقت رکھنے والا آخرت اور قیامت پر ایمان رکھتا ہے، جبکہ یتیم کو دھکے دینے والا آخرت کا منکر ہے۔ اس میں کرپٹ اور لوٹ مار کرنے والے ادارے نہ ہوں بلکہ ضرورت مندوں پر خرچ کرنے والے ہوں، ملک میں اسلام اور قرآن کا نظام غالب ہو، پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے، اسے حقیقی اور دیانت دار، امانت دار قیادت نہ مل سکی ملک کی 6 کروڑ آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے فلٹریشن پلانٹ سے ایک روپے فی لیٹر پانی مہیا کرتی ہے۔ اس خدمت پر ہمیں اللہ کی رضا مطلوب ہے، ہم سیاسی، علاقائی اور لسانی عصبیت سے بالاتر ہو کر ضرورت مندوں کی خدمت کرتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن بیس کروڑ عوام کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ عوام کی خدمت دراصل خدمت دین کا ہی کام ہے تقریب سے صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب راؤ محمد ظفر، امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک و چیئرمین یونین کونسل شینکہ مولانا جابر علی خان، صدر الخدمت اٹک ڈاکٹر نورحسین ملک اور حامد اطہر صدر اسلام آباد اور سید تنویر حسین شاہ سینئر ایڈمنسٹریٹر آغوش الخدمت اٹک نے بھی خطاب کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ