گورنر پنجاب سے رشید ترابی کی ملاقات‘ مسئلہ کشمیرسمیت اہم امور پر گفتگو

38

لاہور (نمائندہ جسارت ) کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل رکن قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر سابق سیکرٹری جنرل محمود الحسن چودھری اور سردار مقصود طاہر بھی ساتھ تھے۔ ملاقات میں
عبدالرشید ترابی نے گورنر پنجاب کو مقبوضہ کشمیرکی صورت حال سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ کشمیر ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مسئلہ کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، آپ کی قیمتی تجاویز کو کور کمیٹی اور وزیرا عظم تک پہنچاؤں گا، مشاورت کے بعد اقدمات اٹھائیں گے، کشمیریوں کو آزمائش کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پاکستان میں داخل ہونے والے راستوں کو محفوظ بنانا میری ذمے داری ہے میں آج ہی اس حوالے سے متعلقہ انظامیہ کو ہدایات جاری کروں گا۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ خطے کی آزادی کے لیے فیصلہ کن کردار ناگزیر ہے،در اصل کشمیر کی تحریک محض کشمیر کی آزادی کی ہی نہیں بلکہ پاکستان کے دفاع اور تکمیل کی جنگ ہے، اسی لیے قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے۔ حکومت پاکستان جامع کشمیر پالیسی تشکیل دے جو عالمی سطح پر بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کے ساتھ بھارت پر ٹھوس سفارتی دباؤ کا ذریعہ بن سکے۔ او آئی سی کا سربراہی اجلاس صرف مسئلہ کشمیر پر منعقد کیا جائے جس طرح حال ہی میں ترکی میں مسئلہ فلسطین پر اجلاس منعقد ہوا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.