۔ 2017ء پاک بحریہ کے لیے اہم کامیابیوں سال قرار

501

اورماڑہ(نمائندہ جسارت) 2017ء پاک بحریہ کے لیے اہم کامیابیوں سال رہا‘ جدید میزائل کرافٹ بحری بیڑے میں شامل کیا گیا اور اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا اور اہم جنگی مشقیں منعقد کیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نیوی نے2017ء میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سی کنگ ہیلی کاپٹر سے کھلے سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا‘ میزائل نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر پاک بحریہ کی مہارت کا لوہا منوایا۔اس سال ملک میں چین کے تعاون سے پی این ایس ڈاکیارڈ میں تیار کی گئی۔
جدید تیز حملہ آور میزائل جنگی کشتی بھی پاک بحریہ کے فلیٹ میں شامل کی گئی‘ تربت میں نیول ائر اسٹیشن پی این ایس صدیق فعال ہوا‘نیول ائر اسٹیشن سے پاک بحریہ کو وقت کے تقاضوں کے مطابق میری ٹائم سیکورٹی آپریشنز میں مدد دے گی۔ سابق نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس سے نوازا گیا۔ پاک بحریہ کے موجودہ سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو ترک آرمڈ فورسز کا اعلیٰ عسکری اعزاز لیجن آف ترکش آرمڈ فورسز دیاگیا۔سال 2017ء میں پاک بحریہ نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پربھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی کثیرالقومی مشقوں امن 2017ء میں چین کے3 بحری بیڑوں سمیت روس کے3 اور امریکا کے4 جنگی بحری جہاز بھی شریک ہوئے‘ جاپان کے2 پی تھری سی اور ین طیاروں نے بھی مشقوں میں حصہ لیا۔ انڈونیشیا، آسٹریلیا، برطانیہ اور ترکی بھی مشقوں میں شریک ہوئے‘سال 2017 میں اطالوی بحریہ کے جہاز کی ریبنئیر نے خیر سگالی دورہ کیا اور پاکستان نیوی کے ساتھ کھلے سمندر میں مشترکہ بحری مشق بھی کی ۔پاک بحریہ نے تحفظ ساحل کے نام سے کئی مشقیں منعقد کیں جن کا مقصد بندرگاہوں، ساحلی پٹی خصوصا گوادر پورٹ اور پاک چین اقتصادی راہدری کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ 2017ء میں پاک بحریہ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان نیوی سب میرین سعد پر بورڈنگ اور سیلنگ کی‘ آبدوز پر کھلے سمندر میں جانے والے ملکی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں۔ اقتصادی راہداری اور بحیرہ عرب میں تجارتی سرگرمیوں کے تناظر میں خطے میں پاک بحریہ کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے ۔