حکمرانوں اور دہشت گردوں میں خوشگوار تعلقات ہیں‘طاہرالقادری

252

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں اور دہشت گردوں کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں‘ حکومت دہشت گردی کے خلاف جاری نامکمل جنگ کو بند کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے‘ یہ جنگ ادھوری چھوڑی گئی تو دہشت گردی کا اژدھا پلٹ کر حملہ آور ہو گا‘عدالت عظمیٰ کے جسٹس کہتے ہیں ایکشن پلان پر عمل نہیں ہوا‘ وزیراعظم کہتے ہیں کہ دہشت
گردوں کا صفایا کر دیا‘زمینی حقائق یہ ہیں کہ رواں سال 2016 ء میں دہشت گردی کے لگ بھگ 134 واقعات میں 900سے زائد شہری جاں بحق ہوئے جبکہ 2015 ء میں 12 سو سے زائد شہری دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ وہ گزشتہ روز ٹیلیفون پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ حکومتی رکاوٹوں کے باوجود بہرحال فوجی عدالتوں نے دہشت گردوں کو سزائیں دیں اب فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہورہی ہے تو ساتھ ہی حکومت نے پس پردہ رہ کر ان عدالتوں کے خلاف منفی پراپیگنڈا مہم شروع کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں اور دہشت گردوں کے درمیان خوشگوار تعلقات پہلے بھی تھے، آج بھی ہیں‘ سانحہ کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ ان حقائق کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔