آباد،محمد حسن بخشی چیئرمین انور داؤد سینئر وائس چیئرمین منتخب

64

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد حسن بخشی ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے چیئرمین، انور داؤد اوکے سینئر وائس چیئرمین اور عبدالکریم آدھیا وائس چیئرمین منتخب ہوگئے، ابراہیم حبیب کو سدرن ریجن کا چیئرمین اور ایس ایم عمران کو ناردرن ریجن کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپر (آباد) کی جنرل باڈی کے اراکین کا سالانہ اجلاس گزشتہ روز آباد ہاؤس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اراکین نے متفقہ رائے سے محمد حسن بخشی کو سال 2018-19 کے لیے آباد کا چیئرمین، انور داؤد اوکے کو سینئر وائس چیئرمین اور عبدالکریم آڈھیا کو وائس چیئرمین منتخب کرلیا ہے۔ اسی طرح ابراہیم حبیب آباد سدرن ریجن کے چیئرمین منتخب ہوگئے جبکہ لاہور میں ہونے والے ناردرن ریجن کے انتخابات میں ایس ایم عمران کو ناردرن ریجن کا چیئرمین اور حیدرآباد میں منعقدہ الیکشن میں راحیل اقبال کو سب ریجن حیدرآباد کا وائس چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔ نو منتخب چیئرمین محمد حسن بخشی نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے تمام بلڈرز اور ڈیولپرز اور آباد ممبران کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بلاتفریق خدمت کریں گے اور تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آباد کی طاقت ممبران کے باہمی اتحاد پر منحصر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی آباد الیکشن میں ممبران نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔ سبکدوش ہونے والے چیئرمین آباد عارف یوسف جیوا نے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آباد ممبران کی فلاح و بہبود، ممبران کے مسائل حل کرنے، تعمیراتی صنعت کو فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام اور وطن عزیز کی خوشحالی کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو استعمال کریں گے۔ عارف یوسف جیوا نے بتایا کہ ان کے دور میں تعمیراتی صنعت کو متعدد مسائل کا سامنا رہا جن میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر پر پابندی، پراپرٹی ویلیوایشن، ایف بی آر ٹکیسیشن شامل ہیں۔ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے کہ انہوں نے ان مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی، بہت سے مسائل حل ہوگئے اور کئی مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد حسن بخشی اور ان کی ٹیم انتہائی باصلاحیت ہے اور امید ہے کہ وہ آباد ممبران اور تعمیراتی صنعت کو درپیش مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوگی۔ اس موقع پر آباد کے نو منتخب سینئر وائس چیئرمین، وائس چیئرمین، چیئرمین سدرن نے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بلڈرز اور ڈیولپرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ اسی اجلاس میں اراکین جنرل باڈی نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے عبدالکریم آڈھیا، عقیل الیاس، آصف سم سم، الطاف تائی، ایم الطاف ستار کانٹے والا، ایم انور داؤد او کے، ایم جنید اشرف تالو، ایم رضوان آڈھیا، ملک ارشاد علی، محمد اعجاز، محمد حنیف گوہر، محمد ہارون کریم، محمد حسن بخشی، نعمان تابانی، سفیان آڈھیا، ڈاکٹر طلحہ فاروقی، محمد صادق بلوچ، سید خورشید عالم اور مستنصر ذاکر کو بطور ممبران منتخب کیا گیا۔ اسی طرح سدرن ریجن کے لیے انور احمد، ابراہیم ایس حبیب، محمد علی توفیق، رمیز قاسم غازیانی، عثمان خانانی، انجینئر دانش بن رؤف، اشفاق یونس شیخانی، غیاث الرحمٰن، عمران وہاب، منصور عزیز، طارق عزیز اور زاہد اقبال کو بطور ممبران منتخب کیا گیا ہے۔ ناردرن ریجن کے لیے گوہر اعجاز، انجینئر ایم اکبر شیخ، رضا کلی خان خٹک، شیخ شاہد انور، آصف کمال اور شیراز جے منو کو بطور ممبران چن لیا گیا ہے۔ اسی طرح سب ریجن حیدرآباد کے لیے اعجاز احمد قاضی، محمد کاشف اور راحیل اقبال کو بطور ممبر منتخب کیا گیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ