پاکستان شام کے بحران کا مقامی حل چاہتاہے، سینیٹر شبلی فراز

52

اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان شام کے بحران کے مقامی حل کا خواہاں اور شام کے پرامن حل کے لیے کی جانیوالی کوششوں کی حمایت کریگا۔ ان خیالات کا اظہار شام کے سفارتخانے کے ناظم الامور رضوان لطفی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام اور پاکستان کے عوام تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مماثلتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیکر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ شبلی فراز نے کہا کہ مقدس مقامات کی وجہ سے شام پاکستانی زائرین کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر خطے کی اپنی ایک ثقافت اور مسائل کی نوعیت ہوتی ہے اور مسائل کا حل عوامی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت عوامی مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے موثر اور دیرپا حکمت عملی چاہیے تاکہ عوامی توقعات پر پورا اُترا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مخلصانہ کوششیں کررہی ہے اور اس مقصد کے لیے اداروں کو مضبوط بنانا انتہائی لازمی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ