بلدیہ اور واسا نے حیدر آباد کو مسائل کا گڑھ بنا دیا، ڈاکٹر سیف الرحمن

57

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی حیدر آباد کے نائب امیر اور الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہاہے کہ بلدیہ اور واسا کی انتظامیہ خدا کا خوف کریں۔ دونوں محکوں نے حیدر آباد کو مسائل کا گڑھ بنا دیا ہے۔ صحت وصفائی سے نکاسی آب اور فراہمی آب تک تمام کام چوپٹ ہے۔ نالی نالے بند پڑے ہیں، سیوریج کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہے، خستہ حال سڑکیں اس کی وجہ سے مزید تباہ حال ہیں۔ مرزا پاڑہ، پاکستانی چوک، لوہار مارکیٹ، نورمحل، رشی گھاٹ، پنجرہ پول، فقیر کاپڑ روڈ، کپڑا مارکیٹ، لیاقت کالونی، سرفراز کالونی، رسالہ روڈ، کالی موری، امریکن کوارٹر، حالی روڈ، بدین اسٹاپ، الوحید کالونی سمیت تقریباً ہر علاقے میں صورت حال نہایت ابتر ہے۔ کچرے کے ڈھیر جا بجا سڑکوں پر پھیلے ہوئے ہیں، آدھی آدھی سڑکیں کچرا کنڈی کی نذر ہوگئی ہیں، کچرے دان غائب ہیں، جہاں صفائی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، وہاں صورت حال بدترین ہے۔ ہفتے گزر جاتے ہیں لیکن کچرے کے ڈھیر کو ٹھکانے نہیں لگایا جاتا۔ پورے لطیف آباد میں اس کام کے لیے ایک آدھ گاڑی نظر آتی ہے، بلدیہ اور واسا دونوں کے وسائل اس قدر ضرور ہیں کہ بنیادی اور چھوٹے چھوٹے کام باآسانی ہوسکتے ہیں مگر اپنے لوگوں کو بھرتیاں کرنے، خلاف قانون ترقیاں دینے اور لوٹ مار کرنے سے فرصت ہی نہیں ملتی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ