چین میں مسلمانوں پرمظالم سے پاکستانی دکھی ہیں‘معراج الہدیٰ

47

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے چین کے وائی ژوشہرکی مشہور جامع مسجد کو زبردستی شہید کرنے کا نوٹس جاری کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف بدترین ریاستی ظلم اور جبر قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ600 سالہ قدیم،9 سفید گنبدوں اور 4 میناروں کی حامل جامع مسجد کو شہید کرنے کی مذموم کوشش نہ صرف چینی مسلمانوں بلکہ تمام امت مسلمہ میں شدید بے چینی کا باعث ہے جس سے چینی حکومت کے خلاف نفرت میں اضافہ ہوگا۔ صوبائی امیر جماعت اسلامی نے اتوار کو ایک بیان میں مزید کہا کہ چین ہمارا پڑوسی ملک اور بہترین دوست ہے‘ عالم اسلام میں چین کے کاروباری، تجارتی اور دوستانہ تعلقات ہیں لیکن کافی عرصے سے چین کے مسلم اکثریتی صوبے میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کردی گئی ہے‘ کبھی داڑھی اور پردہ کرنے پر پابندی لگائی جاتی ہے تو کبھی بچوں کی پیدائش پر اعتراض کیا جاتا ہے جبکہ مسلمانوں کی آزادانہ نقل وحرکت اور کاروبار کرنے پر بھی آئے دن بلا جواز پابندیاں لگائی جاتی ہیں جس سے وہاں کے مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور ان میں شدت پسندی کے رحجانات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کو چین اور مسلمانوں کے دشمن اپنے ناپاک عزائم کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں‘ میانمار اور سری لنکا میں بدھ دہشت گردوں اور ریاستی عناصر کی جانب سے مسلمانوں کے قتل عام، ان کی املاک پر قبضے اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد دنیا میں سب سے بڑے بدھ اکثریتی ملک چین میں مسلم اقلیتی آبادی کے خلاف اس طرح کی ظالمانہ کارروائیوں سے پاکستان کے 22 کروڑ مسلمانوں کے دل رنجیدہ ہیں اور وہ اپنے مسلمان بھائیوں کے اوپر ڈھائے جانے والے مظالم پر دکھی ہیں ‘ مسلمانوں پر ہونے والے اس طرح کے گھناؤنے مظالم سے نہ صرف پاک چین دوستی میں دراڑیں پڑ سکتی ہیں بلکہ پاکستان کے عوام احتجاج کے لیے سڑکوں پر بھی آسکتے ہیں اس لیے ہم چین کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چین کے اندر مقیم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو فوری طور پربند، مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں کی حفاظت اور مسلمانوں کے جان ومال کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ چینی مسلمانوں اور امت مسلمہ میں پائی جانے والی شدید بے چینی اور تحفظات کا ازالہ ہوسکے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ

جواب چھوڑ دیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.