انتخابات کے روز امن کو بہر صورت یقینی بنایا جائے،نگراں وزیراعظم 

93
لاہور: نگراں وزیراعظم ناصر الملک کی زیرصدارت گورنر ہاؤس امن و امان سے متعلق اجلاس ہورہا ہے
لاہور: نگراں وزیراعظم ناصر الملک کی زیرصدارت گورنر ہاؤس امن و امان سے متعلق اجلاس ہورہا ہے

لاہور (نمائندہ جسارت) نگراں وزپر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ انہوں نے اپنے دورہ لاہور کے دوران گورنر ہاؤس لاہور میں مختصر قیام کیا جہاں انہوں نے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب پرو فیسر ڈاکٹر حسن عسکری اورگورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے اپنی زیر صدارت گورنر ہاؤس لاہور میں امن و امان کی صورتحال اور عام انتخابات کے موقع پر امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلیے تیاریوں کا جائزہ اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی، نگراں وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید، وزیر بلدیات ظفر محمود، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت احمد وقاص ریاض، چیف سیکرٹری اکبر حسین درانی، آئی جی پولیس کلیم امام، صوبائی چیف الیکشن کمشنر ظفر اقبال حسین اور دیگر سینئر سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دن کو مدنظر رکھتے ہوئے عظیم تر کوششوں، چوکس و چوکنا رہنے اور رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ پولنگ کا عمل احسن اور پرامن انداز میں مکمل ہو، سیاسی قیادت اور کارنر میٹنگ میں شرکت کرنے والے عوام کے تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے اجلاس کے دوران صوبہ میں انتخابات کے عمل کے دوران سلامتی اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلیے صوبائی حکومت کی طرف سے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعظم کو صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کی کامیابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے صوبے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلیے ان کوششوں اور اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو سراہا۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عام انتخابات کے حوالے سے مرتب کردہ ضابطہ اخلاق اور سیکورٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کیلیے انتظامیہ کو سیاسی قیادت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے میں پرعزم ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ