اسرائیلی درندگی کیخلاف مجلس عمل کی اپیل پر آج ملک بھر میں احتجاج ہوگا

73

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحد ہ مجلس عمل کے تحت بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کی منتقلی ، اسرائیلی فوج کی حالیہ درندگی میں 60سے زائد فلسطینی مسلمانوں کی شہادت اور ڈھائی ہزار مسلمانوں کے زخمی ہونے کے خلاف آج ملک گیر یوم احتجاج منایا جا ئے گا ۔اسلام آباد ، کراچی، لاہور ،پشاور، کوئٹہ سمیت تمام اہم شہروں میں مظاہرے ، جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی ، جس سے مجلس عمل میں شامل جماعتوں کے مرکزی و مقامی قائدین خطاب کریں گے۔ اس سلسلے میں کراچی میں مرکزی مظاہرہ جامع مسجد بنوری ٹاؤن پر بعدنماز جمعہ ہوگا۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی پاکستا ن کے نائب امیر اسداللہ بھٹو ، مجلس عمل کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمن اورمتحدہ مجلس عمل کے دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔ علاوہ ازیں یوم احتجاج کے دوران شہر بھر میں مساجد کے باہر بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ، جن سے مجلس عمل میں شامل مختلف
جماعتوں کے مقامی رہنما اور قائدین خطاب کریں گے ۔مجلس عمل سندھ کے ترجمان مجاہد چنا کے مطابق آج کراچی، حیدرآباد ، سکھر،لاڑکانہ، میرپور خاص سمیت دیگر مقامات پر ہونے والے مظاہروں سے متحدہ مجلس عمل میں شامل دینی جماعتوں کے صوبائی ومقامی قائدین خطاب کریں گے جبکہ علما کرام اپنے خطبات جمعہ میں اسرائیل کی درندگی کے خلاف آواز بلندکریں گے اورمذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ