ایم ایم اے کی حکومت آئیگی تو 1973 کے آئین پر مکمل عمل ہوگاسراج الحق 

254
نوشہرہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق جلسے سے خطاب کررہے ہیں
نوشہرہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق جلسے سے خطاب کررہے ہیں

پشاور( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تمام ملکی مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے، جب ایم ایم اے کی حکومت آئے گی تو 1973 ء کے آئین پر من و عن عمل ہوگا اور تمام مسائل کا حل خود بخود نکل آئے گا، سابق وزیراعظم نواز شریف ہر جگہ گلہ کرتے ہیں کہ عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہا، 4 بار حکومت میں رہنے والے نے عدالتی نظام کو کیوں ٹھیک
نہیں کیا ؟ غریب کو انصاف نہیں ملتا تھا تو انہیں کوئی پرواہ نہیں تھی مگر اب ان کی خواہش کے مطابق فیصلہ نہیں آیا تو انہیں انصاف یاد آرہاہے ، ان کے نزدیک انصاف صرف وہ ہوتاہے جب ان کے حق میں فیصلہ آئے ، اسپتالوں کو ٹھیک کیا گیا نہ تھانہ کلچر کو بدلا گیا ، ملک میں غربت ، جہالت ، بیماریاں ، بے روزگاری اور بد امنی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں ، یہ مسائل پیدا کرنے والے چاہتے ہیں کہ انہیں پھر حکومت مل جائے ، یہ مزید حکمرانی کا مطالبہ عوام کا باقی ماندہ خون چوسنے کے لیے کر رہے ہیں ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسے سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ سیاسی نظام عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوچکاہے اور ثابت ہوگیاہے کہ یہ نظام چوروں لٹیروں اور قوم کے ساتھ فراڈ کرنے والوں کا راستہ روکنے کے بجائے انہیں اقتدار پر قابض ہونے کا موقع دیتاہے ۔ سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ عروج پر ہے ہر طرف ارکان اسمبلی کی خریداری کے لیے منصوبہ بندی ہورہی ہے اور صلاحیت کے بجائے پیسے کے زور پر سینیٹ کا رکن بننے کی کوشش کی جارہی ہے جن لوگوں کے اسمبلی میں 4ارکان نہیں انہوں نے بھی سینیٹ کے لیے 2 بندوں کو ٹکٹ دیے ہوئے ہیں اور جس کا سیاست سے کوئی سروکار نہیں وہ بھی سینیٹر بننے کے لیے بے تاب نظر آتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب ایوانوں میں شرابی کبابی اسمگلراور لینڈ ، شوگر و ڈرگ مافیا آئیں گے تو وہ صرف ذاتی مفادات حاصل کریں گے ، ملکی مسائل پر ان کی توجہ نہیں ہوگی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 3،3 بار حکومت میں رہنے والوں کو اگر عوام کا کوئی خیال ہوتاتو وہ اپنی حکمرانی کے دنوں میں عوام کو ریلیف دیتے اب مگرمچھ کے آنسو بہانے سے عوام کو فریب نہیں دیا جاسکتا ۔ ن لیگ ابھی بھی عوام پر ٹیکسوں کی بجلیاں گرا رہی ہے ۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا زنی ہے حالانکہ بیرونی منڈیوں میں تیل سستا ہورہاہے۔ ان کا کام صرف عوام کا خون چوس کر دولت جمع کرنا ہے اور ظلم یہ ہے کہ یہ لوٹی دولت ملک میں نہیں رکھتے بلکہ بیرون ملک منتقل کر دیتے ہیں اوروہاں جائداد اور بڑے بڑے بنگلے بنائے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب اس طرح کی قیادت ہوگی، فارن پالیسی ناکام ہوگی ٹرمپ اور بھارتی حکمران ہمیں دھمکیاں نہیں دیں گے تو اور کیا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے بن رہی ہے اور ان شاء اللہ اس ملک کا بگڑا ہوا نظام ایم ایم اے ٹھیک کرے گی ۔ جب بے لاگ احتساب ہو گا اور لوٹی دولت واپس لا کر عوام پر خرچ کی جائے گی تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ تمام ملکی مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے جب ایم ایم اے کی حکومت آئے گی تو 1973 ء کے آئین پر من و عن عمل ہوگا اور تمام مسائل کا حل خود بخود نکل آئے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ