میرے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، فقیر محب جمالی

383

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) پانچ روز قبل کڈھر تھانے کی حد گاؤں کمب لیما میں گرفتار ہونے والے فنکشنل لیگ رہنما فقیر محب جمالی کا پولیس ریمانڈ مکمل ہونے پر سخت سیکورٹی میں انہیں نوابشاہ کی انسداد دہشت گری کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پر عدالت کے جج نے سات دن کے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ اس موقع پر عدالت کے باہر فنکشنل لیگی رہنما فقیر محب جمالی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے کیونکہ کچھ ماہ قبل پی پی کی بااثر شخصیت میری زمین پر اپنی تصویروں والے بینر لگانا چاہتی تھی جس کی میں نے مخالفت کی جس پر میرے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرکے مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ دوسری جانب فنکشنل لیگی رہنما فقیر محب جمالی کی گرفتاری اور جھوٹے مقدمات درج کرنے کیخلاف جمالی برادری اور فنکشنل لیگ کے کارکنان کی جانب سے اسرار جمالی، عبدالستار ڈاھری، دلمراد جمالی، یونس بروہی، کامریڈ علی جان رند، ڈاکٹر باری جمالی ودیگر نے نوابشاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ نوابشاہ پولیس سیاسی انتقامی کارروائی کے لیے فقیر محب جمالی پر جھوٹے مقدمات درج کرکے محب جمالی سے زیادتی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوابشاہ پولیس نے بااثر افراد کے کہنے پر پی پی مخالفین کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فقیر محب جمالی پر جو بھی مقدمات درج ہیں وہ جھوٹے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فنکشنل لیگ رہنما فقیر محب جمالی کو آزاد اور جھوٹے مقدمات درج کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔