پی سی بی نے کلب رجسٹریشن پورٹل دوبارہ کھول دیا

217

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں شرکت نہ کرپانے والے متعدد کرکٹ کلبز کی جانب سے درخواستیں موصول ہونے کے باعث پی سی بی نے رجسٹریشن پورٹل کو مزید 7 دنوں کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔ رجسٹریشن پورٹل اب آج صبح 9 بجے سے 28 اپریل شام 5 بجے تک کھلا رہے گا۔10 مارچ سے 8 اپریل تک جاری رہنے والے رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں تقریباً 3807 کرکٹ کلبز نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کروائی تھیں۔ یہ تعداد ماضی کی نسبت 22 فیصد سے زائد ہے۔رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں شرکت نہ کرپانے والے کرکٹ کلبز اب www.pcb.com.pk/clubregistrationپر آن لائن رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے لیے مقررہ5 ہزار روپے کی فیس فیصل بینک یا ایم سی بی بینک کی کسی بھی برانچ پر جمع کروائی جاسکتی ہے۔صرف درست شناختی کارڈ اور قابل استعمال ای میل ایڈریس کے حامل کلب کے صدر کو ہی درخواست جمع کروانے کی اجازت ہوگی۔ درخواست کی تصدیق کے بعد، کلب کے صدر کو اس کے ای میل ایڈریس پر ایک اور لنک بھجوایا جائے گا۔ اس لنک پر انہیں ممبرشپ کی کٹیگری اور کھلاڑیوں سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ جن کلبوں کی درخواستیں منظور نہیں ہوں گی، انہیں وجوہات کے ساتھ مطلع کیا جائے گا۔