سندھ میں کاروباری اور تجارتی مراکز کیلئے نئے اوقات کار جاری، چھٹی کے دن بھی تبدیل

432

کراچی: سندھ حکومت نے کرونا ایس او پیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے، نئی پابندوں کا نفاذ 16 مئی تک ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا ایس او پیز میں توسیع اور نئی پابندیوں سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا ہے، حکم نامے کے مطابق تجارتی سرگرمیاں اب جمعے کی جگہ ہفتہ اوراتوار مکمل بند ہوں گی، تجارتی مراکز اور مارکیٹوں کے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ بھر کی مارکیٹیں اور تجارتی مراکز سحری سے شام 6 بجے تک کھلنے کی اجازت ہوگی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو تمام تجارتی وکاروباری مراکز مکمل بند رہیں گے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ہفتے اور اتوار کو اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔ 16 مئی تک سیاسی، ثقافتی، سماجی اور کھیلوں کی ہرطرح کی سرگرمیوں پرپابندی ہوگی، ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ کی فراہمی پر مکمل پابندی جبکہ آؤٹ ڈور کھانوں کی ٹائمنگ افطاری کے بعد سے رات 12 بجے تک ہوگی اور ہفتے اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ رات 12 بجے کے بعد صرف ہوم ڈلیوری اورٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔