حب میں فٹبال میچ کے دوران دھماکا،کھلاڑیوں سمیت 12 زخمی

166

حب(نمائندہ جسارت)صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب میں فٹبال میچ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہو گئے۔حب میں الہ آباد ٹاؤن کے علاقے میں شہدائے پولیس کے اعزاز میں منعقدہ فٹبال میچ کے دوران زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا،دھماکا خیزمواد تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ پرچھپایا گیا تھا۔ تمام زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں کہ فٹبال میچ کے دوران دھماکا ہوا ہو بلکہ اس سے قبل اس طرح کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔2013 میں کراچی کے علاقے لیاری میں فٹبال میچ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔دھماکا خیز مواد صوبائی وزیر جاوید ناگوری کی گاڑی کے قریب ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور واقعے میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔اس سے قبل 2008 میں مستونگ کے علاقے میں نواب نوروز خان فٹبال اسٹیڈیم میں دھماکے کے نتیجے میں اسٹیڈیم کے ایک حصے کو نقصان پہنچا تھا۔جس وقت یہ دھماکا ہوا تھا تو اس وقت کے وزیر اعلیٰ نواب محمد اسلم رئیسانی بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھ رہے تھے لیکن اس دھماکے میں خوش قسمتی سے کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔