گولارچی : کار لفٹنگ و دیگر جرائم میں ملوث ملزم گرفتار ، کار بر آمد

294

گولارچی (نمائندہ جسارت) کھورواہ پولیس کی کار لفٹنگ و دیگر جرائم میں ملوث گروہ کیخلاف کارروائی، ملزم گرفتار، دو چوری شدہ کاریں اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ۔ ضلعی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی میں تیزی لائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز کھورواہ پولیس کے انسپکٹر سعید احمد چنا گھونگھڑو کے قریب معمول کے گشت پر جارہے تھے کہ لنک روڈ پر موجود ملزمان نے عام گاڑی سمجھ کر لوٹنے کی نیت سے انہیں روکا، تاہم پولیس موبائل کاعلم ہوتے ہی انہوں نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے بخش عرف بخشو کورائی کو موقع سے گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے ساتھی دینو خاصخیلی، حسن بھٹی، عمر اور صدیق عرف کارو شیخ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے ایک رپیٹر، پانچ گولیاں اور دو مسروقہ کاریں برآمد کرلی گئیں، جن میں سے مہران کار تھانہ ہٹڑی کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تاجروں سے چھے لاکھ روپے لوٹنے، ٹنڈو غلام علی میں دکان سے چھے لاکھ کی چوری سمیت میرپور خاص اور حیدر آباد سے کاریں چرانے سمیت دیگر مختلف جرائم کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ کھورواہ پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔