شام پر اسرائیل کے میزائل حملے‘ گولہ بارود تباہ

146

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شامی دارالحکومت کے قریب اسرائیل کے میزائل حملے میں 4 فوجی زخمی ہوگئے۔ سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی کی جانب سے دمشق کے قریب کئی میزائل فائر کیے گئے، تاہم دفاعی نظام نے ان میں سے کئی میزائلوں کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے فضا میں ہی تباہ کردیا۔ ایک میزائل ہدف کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوگیا، جس کے باعث 4 فوجی زخمی ہوئے، تاہم اس کے نتیجے میںکوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق میزائل حملوں کے دوران دمشق میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایرانی ملیشیا کا اسلحہ کا ڈپو تباہ ہوگیا۔ واضح رہے کہ اسرائیل شام اور دوسرے ممالک میں ایرانی اہداف کو تواتر کے ساتھ نشانہ بنا رہا ہے۔ منگل کے روز اسرائیل نے بحیرئہ احمر میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک فوجی جہاز ساویز کو نشانہ بنایا تھا۔ ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپ مشرقی، جنوبی اور شمال مغربی شام اور دمشق کے اطراف میں وسیع علاقوں پر قابض ہیں۔ حالیہ عرصے میں اسرائیل نے کئی شامی علاقوں میں ایرانی فوج اور اس کے وفادار گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے اور حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے۔ 13 جنوری کو شام پر اسرائیلی بمباری میں 57 اہل کار ہلاک ہوئے تھے۔