امر جلیل نے شعائر اسلام کا کھلے عام مذاق اڑایا، تحریک لبیک

69

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تحریک لبیک پاکستان حیدرآباد کے وفد نے حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس دستور کے نومنتخب صدر تجمل حسین خان، سیکرٹری لالا مرزا خان جوائنٹ سیکرٹری وسیم شیروانی آفیس سیکرٹری اشتیاق احمد ممبران گورننگ باڈی خالد شیخ، احتشام ملک، ساجد علی خان، عارف نورانی کو دفتر پہنچ کر مبارکباد دی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ تحریک لبیک پاکستان کے وفد میں ضلعی ناظم اعلیٰ عبدالقادر ملکانی، رابطہ سیکرٹری عمران قریشی، سیکرٹری نشر و اشاعت راحیل صدیقی، ضلعی ممبر اسلم سروری ایڈووکیٹ لائرز فورم کے قیصر سومرو ایڈووکیٹ شامل تھے۔ وفد میں شامل ضلعی رہنماؤں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ نومنتخب باڈی میں ساتھی شہر کے مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ملک کا چوتھا ستون ہے اور یہی ستون غریبوں کی آواز کو بہتر انداز میں پیش کرتا ہے۔ وفد میں شامل رہنماؤں نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان نے سندھ کے دانشور امر جلیل کیخلاف شعائر اسلام کا مذاق اڑانے اور توہین مذہب کرنے پر ایف آئی اے آفس حیدرآباد میں مقدمے کے اندراج کے لیے تحریری درخواست جمع کروا دی ہے۔ درخواست گزار محمد عمر چشتی مقامی عہدیدار تحریک لبیک پاکستان حیدرآباد نے تحریک لبیک لائرز فورم کے توسط سے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ امر جلیل نے گزشتہ دنوں اپنے ایک مکالمے کالم میں شعائر اسلام کا کھلے عام مذاق اڑایا، توہین مذہب کی اور پاک ذات رب کریم پر تہمتیں لگائیں ان کا یہ کالم مکالمہ سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا ہے، جس سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ درخواست میں امر جلیل کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔