بھرگڑی برادری کے افراد نے گاؤں پر زبردستی قبضہ کرلیا، محرم علی سولنگی

229

میہڑ (نمائندہ جسارت) قدیمی گاؤں پر قبضہ، قبرستان مسمار کرنے اور بااثر ظلم کیخلاف سولنگی برداری کا نیشنل پریس کلب میہڑ کے آگے احتجاج۔ گاؤں پمبی کے رہائشی محرم علی سولنگی، بشیر، محمد عمر، حاجی اسحاق، سلیمان، اقبال اور غلام علی سولنگی کا سندھ ملاح فورم آفس سے غلام شبیر ملاح کی قیادت میں نیشنل پریس کلب میہڑ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملزم غلام علی بھرگڑی، حاجی اشرف بھرگڑی اور حاجی اقبال، حاجی غلام نبی بھرگڑی اور ان کے بیٹوں نے ہمارا قدیمی آبائی گاؤں پر زبردستی قبضہ کر کے ظلم کی انتہا کردی ہے روزانہ ہمارے اوپر پولیس چڑھائی کررہے ہیں۔ گزشتہ سیلاب کے دوران ہم گاؤں سے ہجرت کرگئے تھے، بااثر افراد ہمارے گاؤں کا کچھ حصہ اور قبرستان کو مسمار کر کے اپنی زمین آباد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے ہم گاؤں میں رہائش پذیر ہیں۔ ریونیو ریکارڈ بھی ہمارے نام پر ہے، بھرگڑی برادری کے لوگ بااثر افراد سے مل کر گاؤں والوں پر پولیس چڑھائی کر کے فائرنگ اور دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی سی دادو ایس ایس پی، دادو اور دیگر حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے اپیل کی کہ ہم سے ہونے والے ظلم کا نوٹس لے کر شفاف انکوائری کرا کے بااثر افراد کیخلاف کارروائی کرکے انصاف کیا جائے۔ انصاف نہیں ملا تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے جبکہ سندھ ملاح فورم ضلع دادو کے رہنما غلام شبیر ملاح نے کہا کہ سولنگی برداری کے گاؤں پر بااثر افراد کی جانب سے قبضہ ختم کرایا جائے۔ بصورت سندھ ملاح فورم کی جانب سے پورے سندھ میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔