ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا، عوام کو شدید دشواری

257

 

کراچی (نمائندہ جسارت)ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا، بکنگ کا نظام بیٹھ جانے سے ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔ مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامان کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت پورے پاکستان میں ریلوے کا ریزرویشن نظام بیٹھ گیا، کراچی کینٹ، سٹی اسٹیشن، لانڈھی اور ڈرگ روڈ میں ریلوے بکنگ دفاتر میں منگل کے روز ریزرویشن بند ہوگئی۔صبح 8 بجے سے کھلنے والے دفاتر میں بکنگ بند تھی جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ منگل کی شام5 بجے تک بھی ریلوے ریزرویشن نظام بحال نہ کیا جاسکا تھا، ریلوے گارڈز ریزرویشن چارٹ کے بغیر ٹرینوں میں روانہ ہوگئے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ریلوے میں سخت احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں، ریلوے حکام نے ایس او پیز کے تحت ٹرین عملے کے ٹکٹ ہاتھ میں لے کر چیک کرنے پر پابندی لگائی ہے۔علاوہ ازیں
مسافروں کے اندر داخل ہوجانے کے بعد کوچز کے دروازے بند کردینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔ ٹرینوں میں داخلے اور نکلتے ہوئے عملے کو مسافروں سے سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔