عوام تمام جماعتوں کو آزماچکے‘ حل صرف جماعت اسلامی ہے‘راشدنسیم

327
بدین: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں

بدین(نمائندہ جسارت)نائب امیرجماعت اسلای جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہے،سیاسی ومعاشی صورتحال کی بے یقینی پرہرشہری پریشان حال ہے۔ تمام بڑی جماعتوں نے اقتدار میں آکر عوام کو دھوکہ اور اپنی عیاشیوں کیلئے مہنگائی کا کوڑا برسایا ہے، بجلی،گیس، پٹرول سمیت روز مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے عوام لبرل، سیکولراور جاگیردارنہ سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان کو چاہئے کہ وہ گلی محلے، گوٹھ ،دیہات، شہروں میں اقامت دین کی دعوت کے ساتھ سینیٹر سراج الحق، نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی کی دیانت امانت ،سیاست اور خدمت سے آگاہ کریں کیونکہ حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدین اور ٹھٹہ میں دعوتی اور تنظیمی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی امراء سید علی مردان شاہ گیلانی،الطاف احمد ملاح،مقامی امراء اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان دنیا کا واحد اسلامی ملک ہے جس کا دستور اسلامی ہے، الیکٹبلز کی سیاست نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے جن کا کام محض حکومت کے ذریعے مال کمانا ہے ۔مسلم لیگ، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی سمیت کوئی بھی جماعت ملک میں اسلامی ریاست اور اسلامی حکومت سازی کی بات نہیں کرتی،ا س وقت پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کا رخ پی ٹی آئی حکومت کی جانب ہے لیکن جب حالات تبدیل ہونگے تو مولانا کی پیپلزپارٹی اور نواز لیگ سمیت دیگر سیکولر جماعتوں کے حوالے سے رائے تبدیل ہوسکتی ہے۔اس وقت ملک کے عوام مہنگائی، بیروزگاری،بدامنی سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے شدید اذیت سے دوچار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا آئیڈیل خلافت راشدہ کی حکومت ہے ،جبر کا دور گذرچکا، اقتدار دینے کیلئے اللہ کا اصول کچھ اور ہے، جب ہم اپنا کردار اور اعمال بہتر کریں گے تو ہمیں حکومت اور امامت دونوں مل جائیں گے۔ہم اپنے جھنڈے، منشور اور اپنی منصوبہ بندی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل و اقامت دین کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔