ملکی ترقی کیلیے نظام کی تبدیلی ناگزیر ہے ،عقیل احمد خان

236

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدررآباد عقیل احمد خان نے کہاہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت عوام کے بنیادی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ سابقہ اور موجودہ ادوار کے حکمرانوں نے عوام کوسوائے مایوسی کے کچھ نہیں دیا۔موجودہ حکمران اور کرپٹ نظام عوام کے مسائل حل نہیں ہوئے ہیں حکمران اور نظام دونوں کی تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مرکز تبلیغ اسلامی شاہ مکی روڈ میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امراء ڈاکٹر سیف الرحمن، عبدالقیوم شیخ، باقر علی نظامانی، قاری محمد افضل شاکراورجنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک حکومت کی کارکردگی بھی انتہائی مایوسکن رہی ہے عوام مہنگائی ،غربت اوردیگر بنیادی مسائل حل نہ ہونے کے سبب بے حال ہیں۔عوام کومستقبل کی مایوسی سے بچانے کے لیے جماعت اسلامی کے ذمے داران اور کارکنان کواپناکردار اداکرناہوگا۔عوام اور ملک کے حالت بدلنے کے لیے تبدیلی ضروری ہے اور حقیقی تبدیلی صرف نظام مصطفیؐ کے نفاذ میں ہی مضمر ہے۔