پی ٹی وی نے راشد لطیف سمیت 8 ملازمین کو برخاست کردیا

803

لاہور: پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی)کے نئے چیئرمین نعیم بخاری نے چارج سنبھالنے کے چند ہی دن بعد سابق پاکستانی کپتان اور تجزیہ کار راشد لطیف سمیت سرکاری نشریاتی ادارے کے 8 سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے ملازمین کی برطرفی کی منظوری دے دی۔

52 سالہ راشد لطیف کئی سالوں سے پی ٹی وی سپورٹس میں باقاعدگی سے کام کررہے تھے اور میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے پروگرام گیم آن ہے میں بطور تجزیہ کار شرکت کرتے تھے۔ برطرفی کے حکم کے مطابق راشد لطیف 2016 میں پی ٹی وی میں شامل ہوئے تھے اور نکانے جانے والے ملازمین میں دوسرے سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے ملازم تھے جن کی تنخواہ 9 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ تھی۔

آرڈر میں واضح کیا گیا کہ پی ٹی وی کی مالی پوزیشن اس وقت انتہائی کمزورہے اور جن سے ادارے نے پیسے لینے ہیں وہاں سے ادائیگی نہیں ہورہی جب کہ ادارے میں پہلے ہی 3560ریگولر ملازمین موجود ہیں۔

آرڈر میں مزید کہا گیا کہ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے زیادہ تنخواہ لینے والے ملازمین کی تعداد میں زبردستی کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اسی وجہ سے راشد لطیف سمیت 8 افراد کو برطرف کیا گیا ہے۔