کوئٹہ، سوئی گیس پریشر میں کمی کیخلاف قنبرانی روڈ کے مکینوں کا احتجاج

316

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف قنبرانی روڈ پر علاقہ مکینوں کا احتجاج، کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی۔ جمعرات کے روز کوئٹہ میں قنبرانی روڈ اور ملحقہ علاقوں کے گیس و بجلی صارفین سراپا احتجاج بن گئے۔ مشتعل مظاہرین نے قنبرانی روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا اور احتجاج کرتے ہوئے قنبرانی روڈ کو ہرقسم کی آمدو رفت کے لیے بند کردیا۔ روڈ کی بندش کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکام بالا گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں، شدید سردی میں بھی گیس فراہم نہیں کی جارہی ہے، اس کے علاوہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے بھی مسائل پیدا کردیے ہیں۔ انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔