ـ8 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت ،پاکستان نے سائڈ میچز ملتوی کرنے کی درخواست کردی

304

کرائسٹ چرچ(جسارت نیوز) نیوزی لینڈ میں موجود ایک اور پاکستانی کرکٹر کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد کورونا کا شکار ہونے والے کرکٹرز کی مجموعی تعداد 8ہوگئی۔قومی ٹیم کا چوتھا کورونا ٹیسٹ آج ہو گا،جس کے بعد جن ارکان کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئیں گے، انہیں نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے حتمی منظوری ملنے کے بعد اپنی آئسولیشن کی بقیہ مدت میں ٹریننگ کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔نیوزی لینڈ کے متعلقہ حکام سے تبادلہ خیال کے بعد پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ اپ ڈیٹ کے مطابق اب تک پہلے، تیسرے اور چھٹے روز ہونے والی کووڈ 19ٹیسٹنگ میں قومی اسکواڈ کے 54میں سے کل 8ارکان کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آچکی ہے۔ ان 8ارکان میں سے 2کو ہسٹارک (نان انفیکشیس)کیسز قرار دیا گیا ہے، لہذا یہ دونوں ارکان اسکواڈ کے دیگر ارکان کے ہمراہ اسی منزل پر اپنی آئسولیشن کی مدت پوری کررہے ہیں۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ سے درخواست کی ہے کہ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان میچز ملتوی کیے جائیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے قومی اسکواڈ کے 8اراکین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچزملتوی کرنے درخواست کی ہے۔ پی سی بی نے نیوزی لینڈ کرکٹ کو پاکستان شاہینز کے2چار روزہ میچز ملتوی کرنے کا کہا ہے۔اطلاعات ہیں کہ کھلاڑی کورونا کی وجہ سے دبا ئوکا شکار ہیں اور ٹریننگ شروع نہیں کی۔ کھلاڑی جسمانی اور دماغی طور پر تیار نہیں، ایسی صورتحال میں میچ کھیلنا ممکن نہیں۔ نئی تاریخوں کے اعلان کا انحصار کھلاڑیوں کی دستیابی اور لاجسٹک مسائل سے منسلک ہوگا۔ پاکستان شاہینز کا 10 دسمبر کو کوئنز ٹاون میں نیوزی لینڈ اے کیخلاف 4 روزہ میچ شیڈول ہے۔