کورونا کیسز میں اضافہ‘ 19ہلاک ‘دوبارہ لاک ڈاؤن کا عندیہ

113

اسلام آباد/ کراچی (خبر ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا وبا نے شدت پکڑ لی ہے‘ ایک دن میں مزید 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے‘ 739 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے‘ ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 692 اور کیسز کی تعداد3 لاکھ 24 ہزار سے زاید ہوچکی ہے۔ نیشنل کمانڈ آینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ایک دن میں پنجاب میں9، اسلام آباد، سندھ میں 4 ،4 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص جاں بحق ہوا ۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 26 ہزار 670 ٹیسٹوں میں سے739 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی‘ فعال کیسز 9 ہزار 378 تک پہنچ گئے‘ اب تک 3 لاکھ 8 ہزار 674 افراد کورنا کو شکست دے چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر حسین بخاری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ‘ انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نیانکو ٹیلی فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلائو پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں این سی او سی نے تنبیہ کی کہ ایس او پیز پر عدم عملدرآمد کی صورت میں سخت پابندیاں دوبارہ لگ سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر میں ایس او پیز کی شدید خلاف ورزیوں کے نتیجے میں کورونا کیسز بے تحاشا بڑھے ہیں اور اگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو سروسز دوبارہ بند کریں گے۔ اسد عمر نے تمام چیف سیکرٹریز کو صوبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹ، مارکیٹس، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کی مانیٹرنگ سخت اور ماسک پہننا اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی پر سخت انتظامی کارروائی کی جائے۔ دریں اثنا وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کے کیسز میں بتدریج اضافے کے پیش نظر دوبارہ لاک ڈائون کا عندیہ دے دیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو سے متعلق ایس او پیز پر عمل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔