حیدرآباد :لاپتا افراد کی عدم بازیابی پر سندھ سپاہ کی بھوک ہڑتال

202

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ سپا کی جانب سے گم کیے گئے قومی کارکنوں کی آزادی کے لیے ہفتے کی رات سے حیدر آباد پریس کلب کے سامنے شروع کی گئی 100 گھنٹے کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں قومی کارکنوں، سیاسی، سماجی افراد نے سندھ سے گم کیے جانے والے افراد کے اہلخانہ کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ سپا کے صدر انعام سندھی، نعیم سندھو، عاشق اور سکندر چانڈیو ودیگر نے کہا کہ ہم نے 100 گھنٹے کی بھوک ہڑتال شروع کی ہے، سندھ میں ظلم ولاقانونیت ہے، جس پر ہم سراپا احتجاج ہیں، اس ظلم کیخلاف جدوجہد شروع کردی ہے۔ کراچی پریس کلب اور حیدر آباد پریس کلب کے سامنے کیمپ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد ملک میں کسی بھی فرد کی گمشدگی غیر آئینی، غیرقانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج لاپتا کیے گئے افراد کی بازیابی تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر سندھ یونیورسٹی کے طلبہ غنی امان چانڈیو، آسیس لغاری، زیب جتوئی، عاجز، اشفاق، جسم، جساف اور دیگر تنظیموں کے رہنمائوں وکارکنان نے بھی کیمپ میں شرکت کی۔