یو ایس ایڈ کی مشینری سندھ حکومت نے دیگر اضلاع میں بانٹ دی

166

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد کو شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے یو ایس ایڈ کی جانب سے دی گئی مشینری سندھ حکومت نے دیگر اضلاع میں بانٹ دی، دادو، سہون، شہداد کوٹ، گڑھی خیرو گاڑیاں منتقل کی جارہی ہیں، ایڈمن افسر لوکل گورنمنٹ۔ جیکب آباد شہر کی صفائی ستھرائی کے لیے یو ایس ایڈ کی جانب سے تحفے کے طور پر بلدیہ جیکب آباد کو دی گئی 188.617 ملین مالیت کی 88 گاڑیاں مشینری اور دیگر سامان سندھ حکومت کے حکم پر دیگر اضلاع میں بانٹنے کے احکامات کے بعد گزشتہ روز مختلف اضلاع کے بلدیہ افسران جیکب آباد پہنچ گئے، سندھ لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ کے ایڈمن افسر نثار منگی نے بتایا کہ چیف سیکرٹری کے حکم پر سہون، دادو، شہدادکوٹ، کشمور، کندھکوٹ، گڑھی خیرو بلدیہ کو یہ گاڑیاں دی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ یو ایس ایڈ کی جانب سے گزشتہ سال جون میں یہ 18 کروڑ روپے کی مالیت کی 88 گاڑیاں بلدیہ جیکب آباد کے حوالے کی تھیں۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ کے نمائندے اور ایم ایس ڈی پی کے پی ڈی سمیت ترقی و منصوبندی کی چیئرمین ناہید شاہ بھی موجود تھیں اور اب یہ گاڑیاں دیگر اضلاع کو دی جارہی ہیں۔ بلدیہ ایڈمنسٹریٹر ناصر عباسی نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر یو ایس ایڈ کی گاڑیاں مختلف اضلاع کی میونسپل اور ٹائون کمیٹیز کے حوالے کی جارہی ہیں۔