مطالبات تسلیم نہ کیے تو 6 اکتوبر سے تحریک شروع کی جائیگی ، ایپکا

281

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے صوبائی سینئر نائب صدر سید منور علی شاہ، ضلعی جونیئر نائب صدر شاہد سومرو، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حفیظ الرحمن ناریجو کی قیادت میں ایک وفد نے آسرا کے مرکزی صدر سکندر بوزدار سے بورڈ آف ریونیو حیدر آباد میں آسرا تنظیم کے دفتر میں ملاقات کی اور ملازم اتحاد قائم کرتے ہوئے ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کا عزم کیا گیا۔ اس موقع پر آسرا کے مرکزی صدر سکندر بوزدار نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے ملازمین کے جائز مسائل عرصہ دراز سے حل نہیں کیے جارہے ہیں۔ آسرا تنظیم کی جانب سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو جنوری 2020ء میں بھی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا گیا لیکن آج تک مسائل حل نہیں ہوپائے۔ ایک بار پھر آسرا کی جانب سے سینئر ممبر اور سیکرٹری بورڈ اف ریونیو حیدر آباد کو 12 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا گیا ہے جس میں ریونیو سٹی جامشورو میں ریونیو ملازمین کی ایک ہزار پچاس ایکڑ زمین پر فوری طور پر پلاٹنگ کرتے ہوئے 24 سال سے اس اسکیم پر ترقیاتی کام نہ کرانے، سیکشن وائز سینارٹی لسٹ جاری کرتے ہوئے چار سال سے ملازمین کی پروموشن نہ کرنے سمیت ریونیو الائونس جاری کرنے کے مطالبات شامل ہیں۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 6 اکتوبر سے بورڈ آف ریونیو میں آفس ورک اسپینڈ کرنے سے تحریک کا آغاز کیا جائے گا اور تحریک مطالبات کو تسلیم کرنے تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر ایپکا سندھ کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ ایپکا آسرا تنظیم کے ملازمین کی شروع ہونے والی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرنے کا اعلان کرتی ہے، ہم ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ملازمین کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔ اس موقع پر آسرا کے مرکزی نائب صدر عرفان راہوجو، جنرل سیکرٹری اعجاز لونڈ، یونٹ صدر سکندر سومرو اور عادل خانزداہ بھی موجود تھے۔