الخدمت کے رضاکار متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں ، احسان اللہ

238

 

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ کورونا لاک ڈائون میں جماعت اسلامی، الخدمت فائونڈیشن نے ہر علاقے میں بہترین خدمات سرانجام دیں، اب سیلاب وبارش میں بھی الخدمت کے رضاکار وجماعت اسلامی کے کارکنان متاثرہ علاقے میں متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ بلوچستان کے مخیر حضرات نے بھی دل کھول کر الخدمت فائونڈیشن کا ساتھ دیا، یہ عوام کا الخدمت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ الحمدللہ عام لوگوں کا الخدمت پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کوئٹہ کے دوران جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں صوبائی ذمے داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کی صدار ت صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کیا۔ اجلاس میں الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی صدر انجینئر جمیل احمد کرد، جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امراء بشیر احمد ماندائی، مولانا عبدالکبیر شاکر، میر محمد عاصم سنجرانی، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز مولانا عبدالحمید منصوری، پروفیسر سلطان محمد کاکڑ، مرتضیٰ خان کاکڑ، الخدمت فائونڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری اعجاز محبوب، سلطان محمد محنتی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، نائب صدر ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن صوبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، مزید پراجیکٹس، علاج کے لیے بروری روڈ پر زیر تعمیر جدید ایمانا اسپتال جلد مکمل، یتیم بچوں کی ایک چھت کے نیچے تعلیم و تربیت کے لیے خطہ زمین ملنے پر آغوش سینٹر بنائیں گے۔ بلوچستان میں ڈھائی سو یتیم بچوں کی کفالت کررہے ہیں، اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ قدرتی آفت اور منتظمین کی بے تدبیری کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ متاثر اور بے گھر ہوئے ہیں، موجودہ صورتحال کے پیش نظر الخدمت فائونڈیشن نے متاثرہ علاقوں میں سروے کیساتھ مخیر حضرات کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر متاثرین میں اجناس، راشن، ٹینٹ، ترپال، مچھر دانی اور دیگر امدادی سامان کی تقسیم شروع کی۔ الخدمت فائونڈیشن کا صوبہ بھر میں سیکڑوں چوکس اور تربیت یافتہ رضاکاروں پر مشتمل وسیع نیٹ ورک کام کررہا ہے۔ الخدمت کی ٹیمیں روز اول سے مقامی وسائل کے ساتھ ہنگامی امدادی سرگرمیوں کا آغاز کرچکی ہیں۔ متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی، ٹینٹ، تیار کھانے کی فرہمی اور نکاسی آب کے کاموں میں الخدمت کے رضاکار گزشتہ تین چار ہفتوں سے مقامی وسائل کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔ کوئٹہ وصوبے کے دیگر علاقوں کے مخیر حضرات نے کسی بھی ہنگامی صورتحال کے موقع پر ہمیشہ دل کھول کر ہر قسم کی امداد کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ مشکل اور مصیبت کی اس گھڑی میں الخدمت فائونڈیشن متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ریسکیو، ریلیف اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہم اہل خیر کے تعاون سے ہر ممکن مدد کریں گے۔ ہم اہل خیر، تاجر، صنعت کار برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ ماضی کی طرح آگے بڑھیں، فرض کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے اہل وطن کی داد رسی کریں۔