میہڑ، گرلز پرائمری اسکول میں سہولیات کی عدم فراہمی پر جج کی برہمی

268

میہڑ (نمائندہ جسارت) میہڑ کے قریب گاؤں پوراچو میں گرلز پرائمری اسکول بند ہونے اور اسکول پر مبینہ قبضہ، اسکول کی کھڑکیاں بند کرنا، گرلز اسکول میں گندے پانی کی عدم نکاسی، تدریسی عمل معطل کرنے، فرنیچر اور پنکھے چوری کرنے، ایس ایم سی فنڈ ہڑپ کرنے، بوائز پرائمری اسکول کی عمارت تبدیل نہ کرنے، اسکول میں چار دیواری اور دیگر سہولیات نہ ہونے کیخلاف سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ ون کی برہمی۔ عوامی تحریک کے رہنما ایڈووکیٹ ساجد حسین مہیسر کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ، سیکرٹری ایجوکشن، تحصیل ایجوکیشن آفیسر میل، فیمیل، انجینئر ورکس اینڈ سروس، ایس ایچ او میہڑ اور دیگر کیخلاف درخواست پر عدالت میں شنوائی ہوئی، جس میں محکمہ تعلیم کی جانب سے ایس ڈی او میل اور فیمیل تحصیل میہڑ میں پیش ہوئے اور جواب داخل کرانے کے لیے درخواست دے کر وقت لیا جبکہ نوٹس کے باوجود ایس ڈی او ورکس اینڈ سروس پیش نہیں ہوئے۔ عدالت کی جانب سے برہمی کا اظہار کرتے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 ستمبر کو ڈی ای او تعلیم اور دیگر کو طلب کرلیا۔ عدالت نے 8 ستمبر تک شنوائی ملتوی کردی۔ دوسری طرف عوامی تحریک کے رہنما ایڈووکیٹ ساجد مہیسر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ درخواست کے بعد ملزمان دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجھے دھمکیاں دینے والے ملزمان کیخلاف کارروائی کی جائے۔