مقبوضہ کشمیر نقشے سے نہیں ڈپلومیسی سے آزاد ہوگا،رانا تنویر

146

شیخوپورہ(آن لائن)مسلم لیگ کے سینئر رہنما و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کشمیری مسلمانوں کی آزادی سڑکوں کے نام تبدیل کرنے یا نقشہ بنانے سے نہیں موثر ڈپلومیسی سے ممکن ہے، پورا مقبوضہ کشمیر ایک برس سے مکمل لاک ڈاؤن میں ہے ، کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم پر عالمی امن کے ٹھیکیداروں کے کانوں پر بھی جوں تک نہیں رینگی،موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی نا اہلی کی وجہ سے بھارت کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا حوصلہ ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا تنویر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی اور بھارت کو مذاکرات پر مجبور کیا ، بھارتی حکمرانوں نے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے کی بات کی، جبکہ موجودہ حکمرانوں کی نااہلی سے کشمیریوں کی تحریک حریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے ۔