احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیلیے پورا ہفتہ مارکیٹیں کھولی جائیں ،تاجروں کا مطالبہ

264
حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس صدر دولت رام لوہانہ کی صدارت میں چیمبر سیکرٹریٹ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد کے ذریعہ سندھ صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرانے اور مارکیٹوں اور
بازاروں سے صارفین کا رش کم کرنے کے لیے پورے ہفتہ کاروبار کی اجازت دینا ہو گی۔ ایگزیکٹیو کمیٹی نے کہا کہ حیدرآباد کراچی کے بعد سندھ کا دوسرا بڑا کاروباری شہر ہے، جہاں شہر حیدرآباد، لطیف آباد، قاسم آباد، سائٹ ایریا اور گردونواح کے چھوٹے شہروں سے صارفین خریداری کرنے کے لیے مارکیٹوں اور بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ لیکن حیدرآباد میں ہفتے میں صرف چار دن شام سات بجے تک کاروبار ہوتا ہے جو صافین کے رش کا سبب بنتا ہے اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔ ایگزیکٹیو کمیٹی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاو¿ن نافذ ہے جبکہ جمعہ کے روز حیدرآباد کے تاجر شروع سے چھٹی کرتے ہیں۔ اس طرح سوموار، منگل، بدھ اور جمعرات کو کاروبار ہوتا ہے وہ بھی محدود وقت کے لیے جس سے صارفین کا خریداری کے یکدم نکلنے سے رش کا بڑھنا لازمی اَمر ہے۔ لہٰذا یہ صورت حال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ حکومت پورے ہفتہ صبح 10 بجے سے شام 8 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دے تاکہ احتیاطی تدابیر اور رش پر قابو کو ممکن بنایا جا سکے۔ ایگزیکٹیو کمیٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورت حال اور جائیز مطالبہ پرٹھنڈے دل سے غور کرتے ہوئے کاروبار کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو ممکن بنانے کے اقدام کو یقینی بنانے اور مارکیٹوں اور بازاروں سے رش کم کرنے کے پیش نظر تجویز کردہ کاروباری اوقات پر ضروری احکام جاری کریں گے۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر معیز عباس، نائب صدر محمد یاسین خلجی، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی محمد اکرم انصاری، سکندر علی راجپوت، رمیز الدین احمد، عبدالسلیم آرائیں، محمد شریف پونجانی، محمد ایوب شیخ، محمد الناصر، احمد ادریس چوہان، محمد فہد میاں، شان الٰہی سہگل، پرویز فہیم نور والا اور حاجی شمس الدین آرائیں موجود تہے۔