قرنطینہ میں متاثرین کیلیے بہترین خدمات انجام دی جارہی ہیں،حزب اللہ جکھرو

609

سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کورونا وائرس سے متاثرہ موجودہ صورتحال میں حاصل وسائل کے مطابق حتی المقدور عوامی خدمات سر انجام دیتی رہے گی، منظم طور پر فلاحی رفاحی کاموںکو سر انجام دینے کے لیے ملک بھر میں ہر یو سی، گلی محلے کی سطح پر جماعت اسلامی کی خدمت کمیٹی تشکیل دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے سکھرمیں کورونا وائرس متاثرین اور عوامی خدمت کے لیے جماعت اسلامی، الخدمت اور پیما کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میںبھی معلومات حاصل کیں اور ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں قرنطینہ پر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے قائم کردہ کیمپ میں خدمات کے لیے ہر ممکنہ کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اس مشکل گھڑی میں عوام کا بھرپور احساس ہے اور اپنے حاصل وسائل کے مطابق عوام کی خدمت کے لیے حاضر ہے۔ اس سلسلے میں جاری مہم میں جماعت اسلامی کے کارکن اپنا کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ یومیہ دیہاڑی پر کام کرنے والے مزدور و محنت کشوں کا بالخصوص خیال رکھا جائے اور مشکل میں ان کا ساتھ دیا جائے۔ جماعت اسلامی براہ راست اس سلسلے میں رابطے میں ہے۔ الخدمت کے تحت بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے۔ آنے والے دنوں میں مزید مؤثر و منظم طور پر کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ متاثرہ افراد کی خدمت میں مصروف ہیں اللہ پاک انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ جماعت اسلامی ضلع سکھر اس وقت مستحقین و محروم ضروتمند طبقے کے لیے راشن کی تقسیم کے لیے تیاری کررہی ہے۔ گھرکا راشن، ماسک ان کے لیے گھروں تک پہنچایا جائے گا۔ جماعت اسلامی خدمت امانت و دیانت کیساتھ کام کرکے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ علاوہ ازیںامیر ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو کی زیر صدارت ایک اجلاس میں امیر سکھر شہر زبیر حفیظ شیخ، مولانا سلطان لاشاری، الخدمت کے ہارون الرشید، پیما کے ڈاکٹر عبدالمجید میمن، ڈاکٹر عبدالرشید میمن، پریم یونین کے سیکرٹری جنرل خیر محمد تنیو سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں قرنطینہ کے متاثرین اور دیگر کو خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں جائزہ لیا گیا۔